بنگلورو:27/مارچ(ایس او نیوز)وزیر اعلیٰ سدرامیا نے آج بتایاکہ ریاستی حکومت کے ذریعہ بنگلور سمیت دیگر شہروں کو صاف رکھنے کیلئے گیلے کچرے سے کھاد کی تیاری کے علاوہ مناسب قیمتوں میں کسانوں میں فراہمی کا منصوبہ تیار کیاگیا ہے۔ودھان سودھا کے روبرو کرناٹکا کامپوسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن، محکمہئ زراعت اور بی بی ایم پی کے اشتراک سے کسانوں کو رعایتی قیمتوں پر کامپوسٹ کھاد کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کرنے کے بعد انہوں نے بتایاکہ تین چار سال قبل شہر بنگلور کو گاربیج سٹی کا لقب دیا گیا تھا، اس دور میں کچرے کی نکاسی ایک اہم مسئلہ بنی ہو ئی تھی۔ جبکہ ان کی حکومت کے قیام کے بعد کچرے کی نکاسی کو پہلی ترجیح دیتے ہوئے شہر کو پاک وصاف رکھنے کیلئے افزود فنڈ جاری کیاگیا۔ اس بامقصد منصوبے میں حکومت کے ساتھ عوام اور افسران کا تعاون بے حد ضروری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر بتایا کہ گیلے اور سوکھے کچرے کو الگ کرکے جمع کرنے کے نظام کو لازمی قرار دیا جاناچاہئے۔ جس کیلئے عنقریب شہر کے تمام وارڈوں میں کامپوسٹ خریدی مراکز قائم کرتے ہوئے کسانوں کو ان کی دہلیز پر رعایتی قیمتوں پر کامپوسٹ کھاد فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، جس کے تحت سٹی کامپوسٹ کھاد فی ٹن آٹھ سو روپیوں میں فراہم کی جائے گی۔اس کے ذریعہ حکومت شہروں کو صاف رکھنے کے علاوہ کسانوں کورعایتی قیمت پر کھاد فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرے گی۔وزیر زراعت کرشنا بائرے گوڈا نے بتایاکہ شہر میں چھ تا سات کامپوسٹ کھاد کی تیاری کی یونٹیں موجود ہیں اور 9/ہزار ٹن کھاد کا ذخیرہ موجود ہے۔ فی ٹن کھاد کی تیاری کیلئے 2600روپے خرچ کئے جاتے ہیں، اور کسانوں کوآٹھ سو روپیوں میں کھاد فراہم کی جاتی ہے۔ اس موقع پر وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج، وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی، میئر جی پدماوتی، اراکین کونسل وی ایس اگرپا، ایچ ایم ریونا، کرناٹکا کامپوسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیرمین کینچے گوڈا، نائب چیرمین وینکٹیش اور بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد کے علاوہ دیگر موجود تھے۔